فلسطین و کشمیر کا حل نہ ہونا عالمی برادری کے دہرا معیار کا عکاس ہے: اسحاق ڈار

دنیا - 22 جولائی 2025
نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب میں کہا ہے کہ فلسطین اور کشمیر کے مسائل کا تاحال حل نہ ہونا عالمی برادری کے دوہرے معیار کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سفارت کاری کو ترجیح دیتا رہا ہے اور تنازعات کا پُرامن حل چاہتا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے چارٹر پر مکمل عملدرآمد کے لیے پُرعزم ہے، اور آج سلامتی کونسل میں عالمی امن پر ہونے والا مباحثہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے اس موقع پر پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کی منظوری کو خوش آئند قرار دیا، جو تنازعات کے پرامن حل کے طریقہ کار کو مؤثر بنانے سے متعلق ہے۔
نائب وزیرِاعظم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات کے دوران بھارت کے غیر قانونی اقدامات پر مبنی ایک مفصل چارچ شیٹ بھی پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جاری تنازعات نے کشیدگی کو جنم دیا ہے، اور ان کا پرامن اور کثیرالجہتی حل ہی عالمی امن کی ضمانت ہے۔ پاکستان عالمی سطح پر امن کے قیام کے لیے ایک فعال اور مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ فلسطین میں 58 ہزار سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں، جبکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی ریاستوں کی خودمختاری، باہمی احترام اور عدم مداخلت کے اصولوں پر قائم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی 24 کروڑ پاکستانیوں کی زندگی کا اہم ذریعہ ہے، جسے تنازعات سے دور رکھنا ناگزیر ہے۔