بنگلا دیش نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی

کھیل - 22 جولائی 2025
ڈھاکا کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 8 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی۔
بنگلا دیش کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 133 رنز بنائے۔ اننگز کی شروعات کچھ خاص نہ رہی اور صرف 28 رنز پر 4 اہم وکٹیں گر گئیں۔ تاہم ذاکر علی اور مہدی حسن نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے اسکور 81 تک پہنچایا۔ مہدی حسن 33 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ ذاکر علی نے اننگز کے اختتام تک مزاحمت کی اور آخری گیند پر 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے احمد دانیال، سلمان مرزا اور عباس آفریدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی۔ ہدف کے تعاقب میں صرف 15 رنز پر پاکستان کی نصف ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔ صائم ایوب پہلے اوور میں رن آؤٹ ہوئے، جب کہ محمد حارث، فخر زمان، حسن نواز اور محمد نواز بھی جلد آؤٹ ہو گئے۔
کپتان سلمان علی آغا 23 گیندوں پر صرف 9 رنز ہی بنا سکے۔ خوشدل شاہ نے کچھ مزاحمت کی اور 13 رنز جوڑے۔ فہیم اشرف نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 51 رنز بنائے اور عباس آفریدی کے ساتھ 41 جبکہ احمد دانیال کے ساتھ 33 رنز کی شراکت قائم کی۔ لیکن وہ 19ویں اوور کی آخری گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کو آخری اوور میں 13 رنز درکار تھے۔ احمد دانیال نے پہلی گیند پر چوکا تو لگایا مگر اگلی ہی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ یوں پاکستان کی پوری ٹیم 125 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور بنگلا دیش نے 8 رنز سے فتح حاصل کر لی۔
اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، جہاں ابرار احمد کی جگہ احمد دانیال کو ڈیبیو کروایا گیا۔
میچ سے قبل ایئر فورس طیارہ حادثے کے باعث ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے اس واقعے پر ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا تھا۔
پاکستانی ٹیم: سلمان علی آغا (کپتان)، فخر زمان، صائم ایوب، محمد حارث، حسن نواز، محمد نواز، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، عباس آفریدی، سلمان مرزا، احمد دانیال۔
بنگلا دیشی ٹیم: لٹن داس (کپتان)، پرویز حسین، محمد نعیم، توحید ہردوئے، شمیم حسین، ذاکر علی، مہدی حسن، رشاد حسین، تنظیم حسن، شریف الاسلام، مستفیض الرحمان۔