اسلام آباد میں برساتی نالے میں باپ بیٹی لاپتہ، تلاش جاری

پاکستان - 22 جولائی 2025
اسلام آباد کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود باپ بیٹی کا کچھ پتا نہ چل سکا جو صبح کے وقت سیلابی ریلے میں کار سمیت بہہ گئے تھے۔
ریسکیو حکام کے مطابق تلاش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے دریائے سواں تک بڑھا دیا گیا ہے، اور وہ مقام جہاں نالہ دریائے سواں میں جا ملتا ہے، وہاں کھدائی کا کام جاری ہے۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ متاثرہ گاڑی اب بھی پل کے نیچے پھنسی ہوئی ہو سکتی ہے۔
متاثرہ شخص کرنل ریٹائرڈ قاضی اسحاق اپنی 25 سالہ بیٹی کے ہمراہ روزانہ کی طرح آج بھی صبح ہاؤسنگ سوسائٹی کے گیٹ تک چھوڑنے کے لیے نکلے تھے۔ وہ سرمئی رنگ کی گاڑی میں سوار تھے کہ اچانک شدید پانی کی موجودگی میں گاڑی بند ہو گئی اور دوبارہ اسٹارٹ نہ ہو سکی۔
جب کرنل ریٹائرڈ اسحاق گاڑی اسٹارٹ کرنے کی کوشش کر رہے تھے، تو تیز بہاؤ کی زد میں آ کر گاڑی نالے میں بہہ گئی۔ اطلاعات ہیں کہ باپ بیٹی مدد کے لیے پکار رہے تھے مگر لمحوں میں پانی انہیں گاڑی سمیت بہا لے گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق گاڑی میں کوئی ٹریکر نصب نہیں تھا، جبکہ کرنل اسحاق کے موبائل کی آخری لوکیشن گزشتہ رات 8 بج کر 15 منٹ پر ان کے گھر کی ملی ہے۔
ریسکیو 1122، پولیس، غوطہ خور ٹیموں اور ہاؤسنگ سوسائٹی کے عملے کی مدد سے تلاش کا عمل جاری ہے، جب کہ نالے سے گاڑی کا بمپر برآمد کر لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں حالیہ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ چکے ہیں، اور ہاؤسنگ سوسائٹی فیز ایٹ سمیت ملحقہ دیہات میں بھی پانی داخل ہو چکا ہے۔