وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کا اعلان: انٹرنیشنل ایوارڈ جیتنے والے کھلاڑیوں کو ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا

news-banner

پاکستان - 22 جولائی 2025

پشاور میں منعقدہ اسپورٹس ہیروز ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے لیے مواقع ملنے چاہئیں، اگر موقع نہ ملے تو ٹیلنٹ ضائع ہو جاتا ہے۔

 

انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو کھیلوں کی طرف راغب کریں، کیونکہ اسپورٹس مین صرف مقابلہ نہیں کرتا بلکہ فٹنس، تکنیک اور اعصابی مضبوطی کا بھی مظہر ہوتا ہے۔

 

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسپورٹس مین یا تو جیتتا ہے یا سیکھتا ہے، اور یہی وہ چیمپئن ہوتا ہے جو ہار نہیں مانتا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ایک بات ہمیشہ ذہن میں رہتی ہے کہ "ہار نہ ماننا ہی اصل جیت ہے۔"

 

علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا کہ جو بھی بچہ یا بچی بین الاقوامی سطح پر ایوارڈ جیتے گا، اسے ماہانہ 50 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ صوبے میں تحصیل سطح پر کھیلوں کے میدان بنائے جا رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان کھیلوں میں حصہ لے سکیں۔ ایوارڈ کا لوگو ہمارے کھلاڑیوں کی کامیابی اور صوبے کے فخر کی علامت ہے۔