علی امین گنڈاپور کا بیان ایک بار پھر ریکارڈ نہ ہو سکا، وارنٹ گرفتاری برقرار

news-banner

پاکستان - 22 جولائی 2025

اسلام آباد کی ضلعی و سیشن عدالت میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت کے دوران ان کا دفعہ 342 کے تحت بیان ایک بار پھر ریکارڈ نہ ہو سکا۔

 

جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن کی سربراہی میں ہونے والی سماعت میں وکیل صفائی نے ملزم کی مصروفیات کا حوالہ دیتے ہوئے ویڈیو لنک کے ذریعے بیان قلمبند کرانے کی درخواست کی، تاہم انٹرنیٹ کنکشن میں خرابی کے باعث بیان ریکارڈ نہیں ہو سکا۔

 

عدالت نے سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو ایک اور موقع دیا جا رہا ہے، وہ آئندہ سماعت پر ویڈیو لنک کے ذریعے یا ذاتی طور پر پیش ہو کر اپنا بیان دیں۔ تاہم عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری اور شوکاز نوٹس برقرار رکھنے کا حکم بھی دیا۔

 

جوڈیشل مجسٹریٹ نے ریمارکس دیے کہ علی امین گنڈاپور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہیں، ان کے لیے عدالت میں پیش ہونا کوئی مشکل نہیں ہونا چاہیے۔ کیس کی آئندہ سماعت 24 جولائی کو مقرر کی گئی ہے۔