ڈھاکہ میں طیارہ حادثہ: جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہو گئی، ملک بھر میں یوم سوگ

دنیا - 22 جولائی 2025
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں بنگلہ دیشی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ میل اسٹون اسکول اینڈ کالج کی عمارت سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہو گئی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں 25 طلبہ بھی شامل ہیں جبکہ 78 افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ اب تک 20 میتیں لواحقین کے حوالے کی جا چکی ہیں۔
یہ افسوسناک حادثہ پیر کو دوپہر 1 بج کر 30 منٹ پر اترا کے علاقے میں پیش آیا، جب طیارہ اسکول کی عمارت سے ٹکرا کر شدید آگ کا سبب بنا۔
آج ملک بھر میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے، تمام سرکاری، نیم سرکاری، خود مختار اداروں اور تعلیمی اداروں میں قومی پرچم سرنگوں ہے، جبکہ دنیا بھر میں قائم بنگلہ دیشی سفارتی مشنز کو بھی اسی نوعیت کی ہدایات دی گئی ہیں۔ مساجد، مندروں، گرجا گھروں اور دیگر عبادت گاہوں میں جاں بحق افراد کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔
طلبہ کا احتجاج، انصاف کا مطالبہ
سانحے کے خلاف میل اسٹون اسکول کے طلبہ نے اترا کیمپس میں مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرین کے لیے انصاف اور حکومت کی غفلت پر سوالات اٹھائے۔ مشیر تعلیم پروفیسر سی آر ابرار اور مشیر قانون آصف نذر طلبہ سے ملاقات کے لیے کیمپس پہنچے تو مظاہرین نے ان کا گھیراؤ کیا۔
طلبہ نے مطالبہ کیا کہ ہلاک اور زخمی افراد کی مکمل فہرست جاری کی جائے، لواحقین کو فوری مالی امداد دی جائے اور فضائیہ کے پرانے و ناقص تربیتی طیارے بند کیے جائیں۔
ہلاکتیں چھپانے کے الزامات کی تردید
دوسری جانب عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس کی ٹیم نے ہلاکتوں کی تعداد چھپانے کے الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا۔ جاری بیان میں کہا گیا کہ چند عناصر جھوٹا پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں۔ حکومت، فوج اور اسپتال حکام متاثرین کی درست فہرست مرتب کر رہے ہیں اور لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔