علیمہ خان کا توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت کے دوران جیل میں داخلے سے روکنے پر عدالت سے رجوع

news-banner

پاکستان - 28 جولائی 2025

اسلام آباد کی اسپیشل سینٹرل عدالت میں توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت ہوئی جس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نامزد ہیں۔

 

سماعت کے دوران عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے شکایت کی کہ انہیں اور قانونی ٹیم کو اڈیالہ جیل میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی، حالانکہ عدالت کی جانب سے پہلے ہی احکامات جاری ہو چکے تھے۔

 

علیمہ خان کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ جیل حکام نے نہ صرف خاندان کے افراد بلکہ عمران خان کی قانونی ٹیم کو بھی مقدمے کی کارروائی میں شرکت سے روکا، جو کہ آئینی، قانونی اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے۔

 

درخواست میں کہا گیا کہ آئین کا آرٹیکل 10A ہر فرد کو شفاف ٹرائل اور قانونی نمائندگی کا حق دیتا ہے، جبکہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 352 کے تحت مقدمہ عوامی طور پر سنا جانا چاہیے۔

 

مزید کہا گیا کہ سائفر کیس میں جیل رسائی نہ دینے کو عدالت پہلے ہی غیرقانونی قرار دے چکی ہے، اس لیے توشہ خانہ جیسے عوامی نوعیت کے مقدمات میں پابندیاں بلاجواز ہیں۔

 

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ہدایت دی کہ عدالتی احکامات کے مطابق قانون پر مکمل عملدرآمد کیا جائے اور آئندہ ایسی رکاوٹوں سے گریز کیا جائے۔