امریکہ کا بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف، مجموعی شرح 50 فیصد تک پہنچ گئی

دنیا - 07 اگست 2025
واشنگٹن – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا، جس کے بعد بھارت پر مجموعی امریکی ٹیرف 50 فیصد ہو گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق صدر ٹرمپ نے اس اضافی ٹیرف کے لیے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت روس سے براہ راست اور بالواسطہ تیل خرید رہا ہے، جس کی وجہ سے یہ اقدام ناگزیر تھا۔
خبر ایجنسیوں کے مطابق نئی ڈیوٹی آئندہ تین ہفتوں میں نافذالعمل ہوگی، جبکہ پہلے سے عائد 25 فیصد ٹیرف کا اطلاق کل سے ہو رہا ہے۔ جمعرات کو نافذ کیے جانے والے ٹیرف میں اسٹیل، ایلومینیم اور دواسازی کی مصنوعات شامل نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز صدر ٹرمپ نے ایک بیان میں بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ روسی تیل کی خریداری پر جواباً امریکہ بھارت سے درآمدات پر ٹیرف کو "انتہائی حد تک" بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے مزید بتایا کہ امریکی نمائندہ خصوصی وٹکوف ماسکو میں روسی قیادت سے ملاقات کریں گے، جس کے بعد روس سے تیل خریدنے والے ممالک پر ممکنہ پابندیوں پر غور کیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا، "میں نے پاکستان اور بھارت سمیت کئی ممالک میں جنگیں رکوائیں۔"