غزہ پر اسرائیلی جارحیت جاری، مزید 135 فلسطینی شہید، بچوں کی ہلاکتوں کی تعداد 18 ہزار سے تجاوز کر گئی

دنیا - 06 اگست 2025
اسرائیلی افواج کی غزہ پر وحشیانہ بمباری اور فائرنگ کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 135 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں سے 87 افراد ایک امدادی مرکز پر کی گئی فائرنگ کا نشانہ بنے۔
رپورٹ کے مطابق جبری قحط کی پالیسی کے نتیجے میں بھوک کے باعث مزید 5 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اب تک بھوک سے شہید ہونے والوں کی تعداد 193 ہو چکی ہے، جن میں 96 بچے بھی شامل ہیں۔
اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے یونیسیف کا کہنا ہے کہ غزہ میں روزانہ اوسطاً 28 بچے قتل ہو رہے ہیں، اور جنگ کے آغاز سے اب تک 18 ہزار سے زائد بچے اپنی جان گنوا چکے ہیں۔ ادارے نے فوری طور پر خوراک، صاف پانی، ادویات، تحفظ اور سب سے اہم جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب فلسطینی سول ڈیفنس اور ریڈ کراس نے اقوام متحدہ و امدادی اداروں سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ غزہ میں زندگیاں بچانے کا وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔ طبی سہولیات تباہ ہو چکی ہیں اور اسپتالوں کی مشینری ناکارہ ہو گئی ہے جس کی مرمت بھی ممکن نہیں۔
یورومیڈ ہیومن رائٹس مانیٹر نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کو جو عالمی استثنیٰ حاصل ہے، وہ مزید اجتماعی قتلِ عام کی راہ ہموار کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یورپی کمیشن کی نائب صدر نے غزہ پر اسرائیلی قبضے سے متعلق رپورٹس کو اشتعال انگیز اور ناقابل قبول قرار دیا ہے۔