ترجمان پاک فوج کا دوٹوک مؤقف: فیلڈ مارشل عاصم منیر کے صدر بننے کی قیاس آرائیاں بے بنیاد، بھارت کو شدید وارننگ

دنیا - 06 اگست 2025
اسلام آباد: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے برطانوی جریدے ’دی اکانومسٹ‘ کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے پاکستان کے آئندہ صدر بننے کی افواہوں کو سختی سے رد کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ "فیلڈ مارشل کے بارے میں صدر بننے کی باتیں سراسر من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔ اس طرح کی قیاس آرائیاں محض افسانوی تجزیے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی واسطہ نہیں۔"
ترجمان نے واضح کیا کہ ایسی باتیں نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہیں بلکہ اس سے ادارے کو سیاسی بحث میں گھسیٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو کہ ناقابل قبول ہے۔
مزید برآں، جب انٹرویو کے دوران بھارت کے ممکنہ حملے اور نریندر مودی کے جارحانہ بیانات کا ذکر ہوا، تو جنرل احمد شریف نے دوٹوک الفاظ میں خبردار کیا کہ:"اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی تو پاکستان کا جواب نہ صرف شدید اور فیصلہ کن ہوگا بلکہ غیر روایتی بھی ہو سکتا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ:
"اس بار آغاز بھارت کے مشرق سے ہوگا، اور گہرائی تک حملہ کیا جائے گا۔ بھارت کو سمجھ لینا چاہیے کہ وہ بھی ہر جگہ نشانہ بن سکتے ہیں۔"