"کارکردگی نے گالم گلوچ اور انتشار کی سیاست کو دفن کر دیا"‘مریم نواز

پاکستان - 06 اگست 2025
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ شور شرابے، فتنہ اور بدتمیزی کی سیاست کا خاتمہ ہو چکا ہے اور اب کارکردگی ہی اصل معیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ "اپنی چھت اپنا گھر" جیسے انقلابی منصوبے کی دنیا میں مثال دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے بلاسود ہاؤسنگ قرضہ اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک 64 ہزار سے زائد مستحق افراد کو سود سے پاک قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں، جن سے 45 ہزار گھر زیر تعمیر اور 9 ہزار مکمل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف گھر نہیں بلکہ 64 ہزار زندگیوں کی بدلی ہوئی کہانیاں ہیں، اگست کے آخر تک یہ تعداد 75 ہزار ہو جائے گی۔ مریم نواز نے کہا کہ 7 ماہ میں اتنی بڑی تعداد میں قرض دینا تاریخی کامیابی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ قرض سفارش پر ملا، سب کچھ 100 فیصد میرٹ پر ہوا۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ جلد ہی "اپنی زمین اپنا گھر" سکیم بھی شروع کی جا رہی ہے، جس کے تحت پہلے مرحلے میں 2 ہزار پلاٹس فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں ہر سال ڈیڑھ لاکھ گھر بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے اور اگلے 5 سال میں 5 لاکھ سے زائد گھر بنانے کا عزم ہے۔
مریم نواز نے اس موقع پر دیگر ترقیاتی منصوبوں کا بھی ذکر کیا جن میں 1100 الیکٹرک بسیں، 24 ہزار دیہاتوں کو ماڈل ولیج میں تبدیل کرنا، اور ہسپتالوں میں 95 فیصد ادویات کی مفت فراہمی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جرائم کی روک تھام کیلئے "کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ" بنایا گیا ہے اور جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل اب سازشوں کے ہاتھوں نہیں بلکہ خدمت اور کارکردگی کے بل بوتے پر لکھا جائے گا۔