مستونگ میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کا حملہ، 3 جوان شہید، 4 دہشت گرد ہلاک

news-banner

پاکستان - 07 اگست 2025

مستونگ – بلوچستان کے ضلع مستونگ میں 5 اور 6 اگست کی درمیانی شب بھارت کی پشت پناہی یافتہ دہشت گرد تنظیم "فتنہ الہندوستان" کے عناصر نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے تین جوان شہید ہو گئے۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کی گئی، جس میں چار دہشت گرد مارے گئے۔

 

شہداء میں میجر محمد رضوان طاہر (ضلع نارووال)، نائیک ابنِ امین، اور لانس نائیک محمد یونس شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میجر رضوان نے دہشت گردی کے خلاف کئی اہم کارروائیوں میں قائدانہ کردار ادا کیا اور ہمیشہ فرنٹ لائن پر اپنے جوانوں کی قیادت کی۔

 

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ مزید خطرات کا قلع قمع کیا جا سکے۔

 

ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، اور ہمارے شہداء کی قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔