عمران خان کی 14 اگست کو ’حقیقی آزادی‘ کے لیے احتجاج کی کال، نااہل ارکان کی نشستوں پر کسی کو نامزد نہ کرنے کی ہدایت

پاکستان - 06 اگست 2025
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے 14 اگست کو عوام سے ’حقیقی آزادی‘ کے لیے ملک گیر احتجاج کی اپیل کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نااہل قرار دیے گئے پارٹی ارکان کی نشستوں پر کسی نئے امیدوار کو نامزد نہیں کیا جائے گا کیونکہ یہ نااہلیاں غیر قانونی اور انتقامی بنیادوں پر کی گئی ہیں۔
اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد ان کی بہن علیمہ خان اور عظمیٰ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان نے حالیہ احتجاج پر خوشی کا اظہار کیا اور عوام کی جرات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب سمیت مختلف علاقوں میں عوام کا باہر نکلنا ریاستی جبر کے خلاف ایک اہم پیغام ہے۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے ملک میں قانون کی بالادستی کی عدم موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ میڈیا پر قدغن اور بنیادی حقوق کی پامالی ملک کو ماضی کی آمریتوں سے بھی بدتر سمت میں لے جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر قوم نے اب کھڑے ہو کر آواز نہ اٹھائی تو نقصان ناقابل تلافی ہوگا۔
عمران خان نے پارٹی قیادت کو پیغام دیا ہے کہ وہ گرفتاریوں سے خوفزدہ نہ ہوں اور پرامن انداز میں اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔ انہوں نے واضح ہدایت دی کہ جو لوگ ناجائز طور پر نااہل قرار دیے گئے ہیں، ان کی جگہ کسی کو ٹکٹ نہ دیا جائے۔
اس کے ساتھ ساتھ، بانی پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہاں جاری سیکیورٹی آپریشن فوری روکا جائے کیونکہ یہ پارٹی اور عوام کے درمیان فاصلہ بڑھا رہا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ تنازعات کا حل طاقت کے بجائے مقامی جرگہ سسٹم کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔ اگر وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اس آپریشن کو نہیں روک سکتے تو انہیں سنجیدگی سے اپنے سیاسی فیصلوں پر غور کرنا چاہیے۔