کاروبار - 02 ستمبر 2025
بنگلہ دیش کا بڑا فیصلہ: پاکستانی سفارتی و سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا شرط ختم

دنیا - 23 اگست 2025
بنگلہ دیش نے پاکستان کے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا کی شرط ختم کر دی ہے۔ یہ سہولت 1971 میں بنگلہ دیش کے قیام کے بعد پہلی مرتبہ دی گئی ہے، جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں مثبت اور تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق اب پاکستانی حکام بغیر ویزا کے بنگلہ دیش کا سفر کر سکیں گے۔ اس اقدام کو خطے میں تعلقات کی بحالی اور سفارتی تعاون کو نئی جہت دینے کے مترادف سمجھا جا رہا ہے۔
اس کے ساتھ ہی دونوں ممالک نے سکیورٹی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے، جس میں فوجی اداروں کی ٹریننگ اور پولیس تعاون کے پروگرام شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دسمبر میں ڈھاکہ کی عبوری حکومت نے پاکستانی شہریوں کے لیے 2019 میں عائد کی گئی سکیورٹی کلیئرنس کی شرط بھی ختم کر دی تھی۔ مبصرین کے مطابق اس نئی پالیسی کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارتی، سفارتی اور دفاعی تعاون مزید تیز ہونے کی توقع ہے۔