پاکستان اور چین کا ہر موسم کی شراکت داری مزید گہری بنانے کا عزم

news-banner

دنیا - 02 ستمبر 2025

وزیراعظم شہباز شریف اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان منگل کو عوامی عظیم ہال میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے اپنی "آہنی اور ہر موسم کی اسٹریٹجک شراکت داری" کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر شی کو ایس سی او سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد اور دوسری جنگِ عظیم میں فاشزم کے خلاف 80 ویں سالگرہ پر مبارکباد دی۔ انہوں نے صدر شی کی "بصیرت افروز اور انقلابی قیادت" کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو چین کی کامیابیوں پر بے حد فخر ہے۔

 

شہباز شریف نے سی پیک کے اگلے مرحلے میں قریبی تعاون کے عزم کو دہرایا، جس میں پانچ نئے کوریڈور شامل ہوں گے۔ انہوں نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور صدر شی کے عالمی اقدامات کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

 

صدر شی نے یقین دلایا کہ چین پاکستان کی معاشی ترقی کے تمام شعبوں میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا، خصوصاً سی پیک کے دوسرے مرحلے میں، جو پاکستان کے کلیدی معاشی سیکٹرز پر مرکوز ہوگا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

 

وزیراعظم نے صدر شی کو اگلے سال پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی، جو دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ہوگا۔