کاروبار - 02 ستمبر 2025
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر: استعفے واپس نہیں لیں گے، بانی کے فیصلے پر عمل لازم ہے

پاکستان - 02 ستمبر 2025
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے واضح کیا ہے کہ اسپیکر نے اگرچہ کہا ہے کہ وہ استعفے منظور نہیں کریں گے، لیکن پی ٹی آئی کا فیصلہ حتمی ہے اور بانی پی ٹی آئی کی ہدایت کے مطابق استعفے واپس نہیں لیے جائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں ہماری تعداد پہلے 91 تھی جو اب 76 رہ گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چند روز قبل 25 اراکین نے استعفے جمع کرائے تھے جبکہ آج تقریباً تمام اراکین استعفیٰ دے چکے ہیں، صرف وہ اراکین باقی ہیں جو ملک سے باہر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جیسے دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان بنایا گیا تھا، ویسے ہی سیلاب اور زلزلوں سے نمٹنے کے لیے بھی نیشنل ایکشن پلان ہونا چاہئے، کیونکہ یہ وقت الزامات کا نہیں بلکہ متاثرہ عوام کی مدد کا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے زور دیا کہ پالیسی کسی صوبے کے لیے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لیے ہونی چاہئے، کیونکہ نقصان کسی ایک علاقے کا نہیں بلکہ پوری قوم کا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راوی، سیالکوٹ، وزیرآباد اور سوات میں سیلابی نقصانات کی تحقیقات ضروری ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی کے فیصلے ہمارے لیے قابل قبول ہیں، سیاست میں وقت کے ساتھ دوست اور دشمن بدلتے رہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال عدالت کے حکم امتناع کے تحت عمر ایوب اپوزیشن لیڈر ہیں، تاہم اگر عدالتی حکم ختم ہوتا ہے تو بانی کے فیصلے کے مطابق محمود اچکزئی اپوزیشن لیڈر ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے اراکین عدالتی سزاؤں کے خلاف اپیلیں دائر کر چکے ہیں کیونکہ ایسی قانونی مثالیں موجود ہیں کہ غیر موجودگی میں سنائی گئی سزا کے خلاف اپیل کا حق برقرار رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی کے خلاف مقدمات دراصل سیاسی نوعیت کے ہیں اور ان کا حل بھی سیاسی ہونا چاہئے۔
بیرسٹر گوہر نے دعویٰ کیا کہ ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا لیکن اس کے باوجود ہم نے مذاکرات کی کوشش کی اور محمود اچکزئی کو ذمہ داری دی کہ وہ سیاسی رہنماؤں سے بات کریں۔ ان کے مطابق بانی نے کہا ہے کہ وہ قوم، ملک، عدلیہ اور جمہوریت کے لیے بات کرنے کو تیار ہیں، البتہ حکومت سے براہ راست مذاکرات کا کوئی ارادہ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج اسمبلی کے بائیکاٹ کے بعد عوامی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں 13 اراکین اسمبلی نے تقاریر کیں۔