ایلون مسک نے بوسٹن کے امام کی متنازعہ تقریر پر ملک بدری کا مطالبہ کر دیا

news-banner

دنیا - 02 ستمبر 2025

 دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل ٹیکنالوجی بزنس ٹائیکون ایلون مسک نے بوسٹن کے امام عبداللہ فاروق کی ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انہیں ملک بدر کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ویڈیو میں امام نے نسلی امتیاز، مذہب اور امریکہ کے حوالے سے سخت جملے کہے تھے۔

 

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر پوسٹ میں ایلون مسک نے امام کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا: "Kick him out of the country" (انہیں ملک سے نکالو)۔

 

امام عبداللہ فاروق، جو روکس بری میں واقع مسجد "فارسنگ آف اللہ" کے سربراہ ہیں، نے اپنے خطبے میں کہا کہ امریکہ "اسلام کے بغیر تباہ ہو جائے گا"۔ انہوں نے سفید فام امریکیوں سے کہا کہ وہ "یورپ واپس جائیں کیونکہ انہوں نے امریکہ اور دنیا بھر میں صرف تباہی مچائی ہے"۔ اسی دوران انہوں نے امریکہ کو "بزدلوں کی سرزمین اور غلاموں کا گھر" بھی قرار دیا۔

 

امام کے ان بیانات نے سوشل میڈیا پر شدید ردعمل پیدا کیا ہے۔ بہت سے لوگوں نے اسے نفرت انگیز اور اشتعال انگیز قرار دیا، جبکہ بعض نے اسے اظہار رائے کی آزادی کے حق کے طور پر دفاع کیا۔

 

 

اپنے خطاب کے اختتام پر امام فاروق نے امریکہ کو اسلام اپنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا: "مسلمان بنو، امریکہ۔ خدا کی مرضی کے تابع ہو جاؤ۔ یہی حل ہے۔"