کاروبار - 02 ستمبر 2025
سی پی ایل 2025: کیرون پولارڈ کا دھماکے دار کھیل، ٹی کے آر کی فتح میں اہم کردار

کھیل - 02 ستمبر 2025
سابق ویسٹ انڈین کپتان کیرون پولارڈ نے کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) 2025 میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مداحوں کو حیران کردیا۔
ٹرینیباگو نائٹ رائیڈرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے 38 سالہ پولارڈ نے محض 29 گیندوں پر 65 رنز اسکور کیے جن میں 2 چوکے اور 8 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔
پولارڈ نے صرف 21 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور اپنی اننگز میں ایک وقت پر 8 گیندوں پر 7 چھکے لگا کر سب کو دنگ کر دیا۔ انہوں نے نیویان بڈائسی اور وقار سلام خیل کے اوورز میں لگاتار چھکے رسید کیے۔
نیکولس پورن کے ساتھ ان کی 90 رنز کی شراکت نے میچ کا نقشہ ہی بدل دیا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ پولارڈ گزشتہ ہفتے ہی کرس گیل کے بعد 14 ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے دوسرے بلے باز بنے تھے اور اب وہ 950 چھکوں کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں چھکوں کی فہرست میں بھی گیل (1056) کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔
پولارڈ کی شاندار اننگز کی بدولت شاہ رخ خان کی ملکیت میں شامل ٹرینیباگو نائٹ رائیڈرز نے سینٹ کٹس اینڈ نیویس پیٹریاٹس کو 12 رنز سے شکست دی۔
پیٹریاٹس مقررہ اوورز میں 180 رنز کے تعاقب میں 167 رنز تک محدود رہے، آندرے فلیچر نے 54 گیندوں پر 67 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔
پولارڈ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔