دنیا - 02 ستمبر 2025
پاکستان میں اگست کے دوران تیل کی فروخت میں نمایاں اضافہ

کاروبار - 02 ستمبر 2025
اگست میں پاکستان کی تیل کی مجموعی فروخت بڑھ کر 13 لاکھ ٹن تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 7 فیصد اور جولائی کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہے۔ یہ اضافہ بنیادی طور پر پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث سامنے آیا ہے، جیسا کہ ٹاپ لائن سیکورٹیز کے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا۔
اگست میں پٹرول (موٹر اسپرٹ) کی فروخت 6 لاکھ 75 ہزار ٹن رہی، جو سال بہ سال 8 فیصد زیادہ ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ اضافہ دو اور تین پہیوں والی سواریوں کے ساتھ ساتھ مسافر گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی کھپت کی وجہ سے ہوا۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو اگست میں 5 لاکھ 22 ہزار ٹن تک جا پہنچی، یہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال کے ابتدائی دو مہینوں میں ڈیزل کی مجموعی فروخت گزشتہ سال کی نسبت 12 فیصد زیادہ رہی۔
اس کے برعکس فرنس آئل کی کھپت میں کمی کا رجحان برقرار رہا اور اگست میں یہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 71 فیصد کم رہی۔ اس کمی کی وجہ بجلی پیدا کرنے کے لیے فرنس آئل کے بجائے سستی اور ماحول دوست توانائی ذرائع کی طرف منتقلی ہے۔
مالی سال 26 کے ابتدائی دو ماہ (جولائی تا اگست) میں تیل کی مجموعی فروخت 25 لاکھ 23 ہزار ٹن رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہے۔