بھارت سے نیا سیلابی ریلا متوقع، پنجاب میں ہائی الرٹ جاری

news-banner

تازہ ترین - 29 اگست 2025

بھارت سے ایک اور تباہ کن سیلابی ریلا 29 اگست کی شام پاکستان پہنچنے کا امکان ہے، جس پر پنجاب میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

 

فلڈ فورکاسٹنگ پنجاب کی جانب سے جاری نئے مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ دریائے چناب میں ہیڈ تریموں بیراج کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے، جو 2 ستمبر کو ہیڈ پنجند تک پہنچ کر بھی بلند ترین سطح اختیار کرے گا۔

 

مراسلے میں ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے اور الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

 

موجودہ سیلابی صورتحال

پنجاب میں حالیہ بارشوں اور بھارت کی طرف سے دریاؤں میں پانی چھوڑنے کے باعث سیلابی کیفیت شدید تر ہو گئی ہے۔ اب تک صوبے میں 25 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ دریائے راوی، چناب اور ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، کئی دیہات و بستیاں زیرِ آب آ گئی ہیں جبکہ بعض شہر بھی متاثر ہوئے ہیں۔

 

جانی نقصان کی تفصیلات

سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ گوجرانوالہ ڈویژن میں 15 افراد ہلاک ہوئے۔ کمشنر گوجرانوالہ کے مطابق سمبڑیال میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوئے، گجرات میں 4، نارووال میں 3، حافظ آباد میں 2 اور گوجرانوالہ شہر میں 1 ہلاکت رپورٹ ہوئی۔

 

ماہرین کے مطابق شدید بارشوں کے ساتھ بھارت کی جانب سے اچانک پانی چھوڑنا پنجاب میں سیلابی خطرات میں مزید اضافے کا سبب بن رہا ہے۔ انتظامیہ نے ریسکیو ٹیموں کو الرٹ کر دیا ہے اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔