کاروبار - 02 ستمبر 2025
دریا کنارے طاقتوروں کے ریزورٹس بچانے کیلئے بستیاں اجاڑی گئیں، مصدق ملک

تازہ ترین - 29 اگست 2025
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مصدق ملک نے انکشاف کیا ہے کہ دریا کنارے بااثر افراد کے ریزورٹس کو بچانے کے لیے عام بستیوں کو اجاڑ دیا گیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ڈیمز اور کینالز کے معاملے پر صوبوں کے درمیان بداعتمادی پائی جاتی ہے۔ بلوچستان کو شک ہے کہ سندھ پانی نہیں دیتا، جبکہ سندھ کو شک ہے کہ اس کا پانی روکا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کا مستقل حل ٹیلی میٹری ہے جس پر کام جاری ہے اور ایک سے ڈیڑھ سال میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔
سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ ملک میں ایلیٹ کلچر غالب ہے، دریا کے کنارے کسی غریب کا ہوٹل نہیں بلکہ طاقتور شخصیات کے ریزورٹس ہیں، جنہیں بچانے کے لیے عام لوگوں کی بستیاں ختم کر دی جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سیلاب کے اثرات سرگودھا تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں اور جب پنجند پر تمام دریا اکٹھے ہوں گے تو پانی کا ریلا 10 لاکھ کیوسک تک جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیشگی اطلاعات پر لوگوں اور مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، تاہم بعض لوگ انخلا سے انکار کرتے ہیں۔ ایک گاؤں میں بھی یہی صورتحال پیش آئی، بڑی مشکل سے لوگوں کو نکالا گیا اور آج وہ علاقہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر تحصیل اور ڈسٹرکٹ سطح پر پانی ذخیرہ کرنے کے انتظامات نہ ہوں تو مسائل بڑھتے ہیں، اس لیے ملک کے ہر علاقے میں قدرتی آبی ذخائر بنانے کی ضرورت ہے۔