پنجاب میں سیلاب سے ہلاکتیں 30 تک پہنچ گئیں، 15 لاکھ سے زائد افراد متاثر

news-banner

تازہ ترین - 30 اگست 2025

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ پنجاب میں حالیہ سیلاب کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہو گئی جبکہ 15 لاکھ 16 ہزار سے زائد لوگ براہِ راست متاثر ہوئے ہیں۔ اب تک 4 لاکھ 81 ہزار سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

 

ان کے مطابق سیلابی ریلوں نے تین بڑے دریاؤں کے کنارے واقع 2 ہزار 38 موضع جات کو متاثر کیا، جن میں سب سے زیادہ 1 ہزار 169 دیہات دریائے چناب سے متاثر ہوئے، دریائے راوی میں 462 اور ستلج میں 391 دیہات زیرِ آب آئے۔

 

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ متاثرین کی مدد کے لیے 511 ریلیف اور 351 میڈیکل کیمپس فعال ہیں، جہاں 6 ہزار سے زائد افراد قیام پذیر ہیں۔ اب تک 4 لاکھ 5 ہزار سے زیادہ مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، جبکہ 321 ویٹرنری کیمپس مویشیوں کے علاج کے لیے قائم کیے گئے ہیں۔ ریسکیو آپریشن میں 808 کشتیاں حصہ لے رہی ہیں اور صرف 36 گھنٹوں میں 68 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔

 

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں تاریخی ریلیف آپریشن جاری ہے، جس کی براہِ راست نگرانی خود وزیر اعلیٰ کر رہی ہیں۔ ان کے بروقت اقدامات اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کی بدولت بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔

 

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اب حقیقی تباہی کی صورت اختیار کر چکی ہے، اسی لیے پیشگی وارننگ کا جدید نظام پنجاب میں لایا جائے گا۔ بحالی کے بعد تجاوزات کے خاتمے کا عمل شروع ہوگا اور حالیہ تجربات کی روشنی میں جامع حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔