کاروبار - 02 ستمبر 2025
بھارت کا ایک اور بڑا سیلابی ریلہ، پنجاب سمیت کئی علاقے زیرِ آب

تازہ ترین - 31 اگست 2025
بھارت نے سلال ڈیم کے تمام گیٹ کھول دیے جس کے نتیجے میں ایک اور بڑا سیلابی ریلہ پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے۔ پنجاب حکومت کے ذرائع کے مطابق 8 لاکھ کیوسک پانی پر مشتمل یہ ریلہ دو روز بعد ہیڈ مرالہ پہنچے گا۔
گوجرانوالہ کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آنے والے سیلابی ریلے کی اطلاع ملتے ہی دریائے چناب کے کنارے واقع آبادیوں میں اعلانات کروائے جا رہے ہیں اور ممکنہ نقصان سے نمٹنے کے لیے ہنگامی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
بہاولپور میں دریائے ستلج کے ریلوں نے تباہی مچا دی، تحصیل صدر بستی یوسف، احمد والہ کھوہ سمیت 7 بند ٹوٹ گئے، جس سے ہزاروں ایکڑ زرعی زمینیں ڈوب گئیں۔ متاثرہ آبادی اور مویشیوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کشتیوں کے ذریعے جاری ہے۔
جھنگ کے گاؤں جنگران میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ مظفر گڑھ میں دریائے چناب کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ دوسری جانب عارف والا میں ایک بارات بھی سیلاب میں پھنس گئی، تاہم ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دولہا اور باراتیوں کو بحفاظت نکال لیا۔
افسوسناک واقعے میں ایک ماں بیٹے کو بچانے کے لیے سیلابی ریلے میں کود گئی اور گہرے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئی۔