کاروبار - 02 ستمبر 2025
عظمیٰ بخاری: پنجاب میں سپر فلڈ، اگلے 48 گھنٹے نہایت اہم، ریسکیو آپریشن جاری

تازہ ترین - 01 ستمبر 2025
وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ موجودہ سیلاب کو ماہرین نے "سپر فلڈ" قرار دیا ہے اور آئندہ 24 سے 48 گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے باعث دریائے راوی، چناب اور ستلج میں بیک وقت سیلاب آیا، جس سے ساہیوال، ملتان، جھنگ سمیت کئی اضلاع ہائی الرٹ پر ہیں۔
ان کے مطابق پنجاب میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن تیزی سے جاری ہے۔ تھرمل ٹیکنالوجی اور ڈرونز کے ذریعے ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، بارشوں اور سیلاب سے 510 سڑکیں اور 64 پل متاثر ہوئے جن میں سے 50 سے زائد سڑکیں اور 40 پل بحال کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بروقت اقدامات کے باعث بڑے پیمانے پر جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت متاثرین کی بحالی تک ان کے ساتھ کھڑی رہے گی، پانی اترنے والے علاقوں میں نقصانات کے تخمینے کا عمل شروع ہو گیا ہے اور موبائل ٹوائلٹس بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ڈیمز پر سیاست ترک کر کے سب کو ایک ساتھ بیٹھنا ہوگا کیونکہ یہ وقت سیاست کا نہیں۔ ساتھ ہی بتایا کہ سیلاب میں بہہ جانے والے مویشیوں کو بھی بچایا جا رہا ہے اور مالکان تک پہنچانے کے لیے لوسٹ اینڈ فاؤنڈ ڈپارٹمنٹ قائم کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ان کے دور میں کسی بھی غیر قانونی سوسائٹی کو این او سی جاری نہیں کیا گیا، اور پورے پنجاب میں ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ ریور بیڈز پر قانونی اور غیر قانونی آبادیوں کی نشاندہی کر کے رپورٹ تیار کریں۔ پنجاب حکومت ماسٹر پلان کے تحت آگے بڑھے گی۔