کاروبار - 02 ستمبر 2025
پنجاب میں سیلاب سے 24 لاکھ سے زائد افراد متاثر، 41 جاں بحق، ریلیف کیمپ قائم

تازہ ترین - 02 ستمبر 2025
پنجاب میں حالیہ سیلاب نے تباہی مچادی، متاثرین کی تعداد 24 لاکھ سے تجاوز کر گئی جبکہ 26 اگست سے اب تک مختلف حادثات میں 41 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ صوبے کے 3243 دیہات شدید متاثر ہوئے ہیں۔
لاہور میں سیلابی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ صوبے کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے اور شہری آبادیوں کو بچانے کے لیے بعض مقامات پر بند میں شگاف ڈالنے پڑ سکتے ہیں۔
ان کے مطابق بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑا گیا ہے، جس سے پانی کے بہاؤ میں کمی نہیں آئی اور یہی سلسلہ آئندہ دنوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات درپیش ہیں۔ ہیڈ محمد والا پر صورتحال سنگین ہونے پر ٹریفک بند کردی گئی ہے جبکہ پانی بہاولپور اور بہاولنگر میں داخل ہوچکا ہے۔ پانچ ستمبر تک بڑا ریلا پنجند پہنچنے کا خدشہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ صوبے بھر میں 395 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔