سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل میمن کی کچے کے عوام سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل

news-banner

تازہ ترین - 02 ستمبر 2025

سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کچے کے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ سیلابی ریلا جلد سندھ میں داخل ہونے والا ہے، اس لیے لوگ فوری طور پر اپنے رشتہ داروں کے پاس یا حکومتی ریلیف کیمپس میں منتقل ہو جائیں۔

 

اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ سیلاب نے پہلے ہی گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں تباہ کاریاں کی ہیں اور اب سندھ بھی اس خطرے سے دوچار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر حکومت نے تمام تر انتظامات کر لیے ہیں، وزراء اور ادارے فیلڈ میں متحرک ہیں۔

 

شرجیل میمن نے کہا کہ کچے کے عوام کے پاس بہت کم وقت ہے، اس لیے بروقت محفوظ مقامات پر منتقل ہونا ہی بڑا نقصان ٹالنے کا واحد حل ہے۔ اگر پانی پہنچ گیا تو لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے نکالنا پڑے گا، جو نہ صرف مشکل بلکہ حادثات کے امکانات سے بھرپور عمل ہے۔

 

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ازخود بروقت منتقل ہو جائیں تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے، اور یقین دلایا کہ حکومت سندھ ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔