کاروبار - 02 ستمبر 2025
خیبر پختونخوا حکومت کا فیصلہ: دریا کنارے غیر تعمیر شدہ ہوٹلز اور کمرشل اراضی کے این او سیز منسوخ

تازہ ترین - 02 ستمبر 2025
خیبر پختونخوا حکومت نے سیلاب کے خطرات کے پیشِ نظر دریا کنارے واقع غیر تعمیر شدہ ہوٹلز اور کمرشل اراضی کے این او سیز منسوخ کر دیے ہیں۔
ڈی جی لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے اس حوالے سے تمام چیف پلاننگ کنٹرول افسران کو خط لکھ کر آگاہ کیا ہے۔ جاری کردہ ہدایات کے مطابق صرف ان عمارتوں کے این او سیز منسوخ کیے گئے ہیں جن پر تاحال تعمیراتی کام شروع نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ سوات، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں حالیہ سیلابی صورتحال کے بعد کیا گیا، جہاں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن نے جانچ پڑتال کے بغیر این او سیز جاری کیے تھے۔
ڈی جی لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی خضر حیات خان نے بتایا کہ چیف سیکرٹری کی ہدایت پر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے اور آئندہ این او سیز بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز 2024 کے تحت دیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دریا کنارے کسی بھی تعمیر سے پہلے محکمہ آبپاشی سے این او سی لینا لازمی ہوگا، جب کہ پہلے سے قائم یا زیر تعمیر عمارتوں کے این او سیز کی بھی جانچ پڑتال کی جائے گی۔