ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ: ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا ایک بار پھر آمنے سامنے

news-banner

کھیل - 12 ستمبر 2025

پاکستان کے پیرس اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اور بھارت کے سلور میڈلسٹ نیرج چوپڑا ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں دوبارہ مدمقابل ہوں گے۔ یہ دونوں کھلاڑی مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان چار روزہ کشیدگی کے بعد پہلی بار ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گے۔

 

پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد پہلا طلائی تمغہ دلایا تھا، جب کہ نیرج چوپڑا نے چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ اس وقت دونوں کھلاڑیوں اور ان کے خاندانوں نے ایک دوسرے کے لیے مثبت جذبات کا اظہار کیا تھا، تاہم حالیہ تنازع کے بعد تعلقات میں سرد مہری آگئی ہے۔

 

نیرج چوپڑا نے کہا ہے کہ وہ اب ارشد ندیم کے قریبی دوست نہیں رہے، جبکہ ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہیں، اور دونوں نے ایک دوسرے کی کامیابیوں پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

 

ذرائع کے مطابق اپریل میں نیرج چوپڑا نے ارشد ندیم کو بھارت میں مقابلے کی دعوت دی تھی، لیکن پہلگام واقعے کے بعد یہ دعوت واپس لے لی گئی۔ نیرج چوپڑا شاندار فارم میں ہیں، جبکہ ارشد ندیم جولائی میں پنڈلی کی سرجری کے بعد دوبارہ ایکشن میں آئیں گے۔ جیولین فائنل کا میچ 18 ستمبر کو ہوگا۔