وزیراعظم شہباز شریف کی عمران خان کے خلاف ہرجانے کیس میں جلد جرح مکمل کرنے کی درخواست

news-banner

پاکستان - 12 ستمبر 2025

لاہور کی سیشن عدالت میں وزیراعظم شہباز شریف کے 10 ارب روپے ہرجانے کے دعوے پر سماعت ہوئی جس میں وہ ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئے۔

 

سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے لیگل نوٹس بھجوایا تھا؟ اس پر شہباز شریف کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ نوٹس کوریئر سروس کے ذریعے بھیجا گیا تھا۔ شہباز شریف نے وضاحت کی کہ رسیدوں پر ان کے وکیل کا نام درج ہے اور یہ تمام ریکارڈ عدالت کے سامنے موجود ہے۔

 

وزیراعظم نے عدالت کو بتایا کہ وہ قطر کے دورے سے خصوصی طور پر واپس آئے ہیں تاکہ کیس میں پیش ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت سیلابی صورتحال سے دوچار ہے اور زرعی ایمرجنسی نافذ کی جا چکی ہے، اس لیے عدالت سے استدعا ہے کہ جرح جلد مکمل کر لی جائے تاکہ دیگر اہم معاملات پر توجہ دی جا سکے۔