ایشیا کپ سے قبل کپتان سلمان علی آغا کی فٹنس پر خدشات

news-banner

کھیل - 12 ستمبر 2025

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کی فٹنس کے حوالے سے ہلکی تشویش پیدا ہوگئی ہے۔ گردن میں تکلیف کے باعث وہ گزشتہ روز ٹیم کے ٹریننگ سیشن میں شریک نہ ہو سکے۔

 

پریکٹس کے دوران انہیں گردن پر پٹی باندھے دیکھا گیا جبکہ وہ وارم اپ اور فٹبال ڈرلز میں بھی شامل نہیں ہوئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے میڈیا مینیجر کے مطابق یہ کوئی سنگین مسئلہ نہیں بلکہ معمولی درد ہے اور احتیاط کے طور پر انہیں آرام دیا گیا ہے تاکہ وہ مکمل فٹ ہو کر کھیل سکیں۔

 

ٹیم مینجمنٹ کو امید ہے کہ وہ ایشیا کپ میں قیادت کے فرائض انجام دینے کے لیے تیار ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق سلمان علی آغا جمعے کو عمان کے خلاف پہلے میچ میں دستیاب ہوں گے۔ شائقین کی نظریں خاص طور پر 14 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے ہائی وولٹیج میچ پر جمی ہوئی ہیں۔

 

یاد رہے کہ گرین شرٹس نے حال ہی میں شارجہ میں سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر شاندار اعتماد حاصل کیا تھا، جہاں فائنل میں افغانستان کو صرف 66 رنز پر ڈھیر کیا گیا تھا۔