ایشیا کپ 2025: پاکستان اور عمان آج دبئی میں پہلی بار آمنے سامنے

news-banner

کھیل - 12 ستمبر 2025

ایشیا کپ 2025 کا چوتھا میچ آج دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں دو مرتبہ کی چیمپیئن پاکستان ٹیم اپنے افتتاحی میچ میں عمان کا سامنا کرے گی۔ یہ پہلا موقع ہوگا کہ دونوں ٹیمیں کسی ٹی20 انٹرنیشنل میں مدِ مقابل ہوں گی۔ مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔

 

پاکستان، جو حال ہی میں یو اے ای ٹی20 ٹرائی سیریز جیت چکا ہے، پُراعتماد انداز میں مہم کا آغاز کرنے کے لیے تیار ہے۔ دوسری جانب عمان مسلسل چھ میچز میں ناکامی کے بعد دباؤ میں ہے اور کسی اپ سیٹ کے ذریعے اپنی موجودگی کا احساس دلانا چاہتا ہے۔

 

پاکستانی اسکواڈ میں تجربہ اور نوجوان ٹیلنٹ کا امتزاج ہے۔ اوپننگ کی ذمہ داری صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان پر ہوگی، جبکہ فخر زمان، سلمان آغا اور محمد حارث بیٹنگ لائن اپ کو مضبوط کریں گے۔ آل راؤنڈرز محمد نواز اور فہیم اشرف بیلنس فراہم کریں گے۔ بالنگ میں شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف ابتدائی اوورز میں خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں، جبکہ اسپن ڈپارٹمنٹ ابرار احمد اور صفیان مقیم پر انحصار کرے گا۔

 

عمان کی بیٹنگ کا دارومدار کپتان جتندر سنگھ اور اوپنر عامر کلیم پر ہوگا۔ بولنگ میں عمان زیادہ تر اسپنرز پر انحصار کرے گا، خاص طور پر جیسے جیسے میچ آگے بڑھے گا۔ ماہرین کے مطابق پاکستانی ٹیم مضبوط دکھائی دیتی ہے، تاہم عمان اگر نڈر کھیل پیش کرے تو شائقین کو دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔