پنجاب میں ڈرائیونگ ٹیسٹ کے لیے مصنوعی ذہانت سے لیس گاڑی متعارف

news-banner

تازہ ترین - 12 ستمبر 2025

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈرائیونگ ٹیسٹ کے نظام کو جدید بنانے کے لیے ایک منفرد اقدام اٹھایا گیا ہے، جس کے تحت مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی خصوصی گاڑی تیار کی گئی ہے۔ یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی گاڑی ہے جو لاہور سمیت پورے پنجاب میں ڈرائیونگ ٹیسٹ کے لیے استعمال ہوگی۔

 

ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کے مطابق یہ گاڑی جدید کیمروں اور سینسرز سے لیس ہے، جن میں فیشل ریکگنیشن کیمرہ، چار بیرونی کیمرے اور بایومیٹرک فنگر پرنٹ سسٹم شامل ہیں۔ گاڑی میں بیٹھتے ہی امیدوار کو ٹیسٹ سے متعلق خودکار ہدایات فراہم کی جائیں گی۔

 

یہ سمارٹ گاڑی امیدوار کی کارکردگی کا تفصیلی تجزیہ کرے گی۔ کاؤنٹ ڈاؤن ٹائمر، ہینڈ بریک اور سیٹ بیلٹ کنفیگریشن جیسے فیچرز بھی اس کا حصہ ہیں۔ اگر امیدوار ٹیسٹ کے دوران متعدد بار ریورس گیئر استعمال کرے تو گاڑی اسے خودکار طور پر فیل قرار دے دے گی۔ ٹیسٹ کے نتائج بھی ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے براہِ راست اپ ڈیٹ ہوں گے۔

 

ٹریفک پولیس نے اس منصوبے کو اپنی مدد آپ کے تحت مکمل کیا ہے۔ گاڑی کو پہلے لاہور میں استعمال کیا جائے گا اور کامیابی کی صورت میں اسے دیگر شہروں تک بھی توسیع دی جائے گی۔