وزیراعظم شہباز شریف کا ملائیشیا کا کامیاب دورہ، پاکستان و ملائیشیا کے تعلقات میں نیا باب رقم

news-banner

دنیا - 10 اکتوبر 2025

 ترجمان دفترِ خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 5 سے 7 اکتوبر تک ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا، جو ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم کی دعوت پر انجام پایا۔ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔


ترجمان کے مطابق، ملائیشیا کے وزیراعظم نے شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں ممالک نے اعلیٰ سطحی رابطوں کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے، دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے اور غزہ میں جاری نسل کشی کی مذمت پر اتفاق کیا۔

 

پاکستان نے آسیان (ASEAN) کی چیئرمین شپ کے لیے ملائیشیا کی حمایت کا اعلان کیا جبکہ شہباز شریف کو لیڈرشپ اور گورننس میں اعزازی ڈگری بھی دی گئی۔

 

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں کہا کہ پاکستان بدستور 1967 سے پہلے کی سرحدوں اور القدس الشریف کو فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کرنے کی پالیسی پر قائم ہے۔


پاکستان نے صمود فلوٹیلا پر کارروائی اور 500 انسانی حقوق کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

 

ترجمان کے مطابق، اسحاق ڈار نے سعودی، مصری اور ایرانی وزرائے خارجہ سے غزہ امن منصوبے پر ٹیلی فونک رابطے کیے جبکہ پاکستان کے سفیر محمد صادق نے ماسکو میں چار ملکی مذاکراتی فارمیٹ میں شرکت کی۔

 

افغانستان کے بھارت سے تعلقات پر ترجمان نے کہا کہ افغانستان ایک خودمختار ملک ہے، تاہم پاکستان یہ چاہتا ہے کہ افغان سرزمین دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہو۔


انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان افغان خودمختاری کا احترام کرتا ہے اور اپنے عوام کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔

 

ترجمان نے مزید کہا کہ افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی کا اگست میں پاکستان کا کوئی دورہ شیڈول نہیں تھا، میڈیا رپورٹس غلط فہمی پر مبنی ہیں۔

 

امریکہ سے تعلقات کے بارے میں ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں۔


انہوں نے تصدیق کی کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں کردار پر نوبیل انعام کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

 

ترجمان نے آخر میں کہا کہ پاکستان نے غزہ سیز فائر عمل میں مثبت کردار ادا کیا اور عالمی سطح پر انسانی حقوق و امن کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔