دنیا - 14 اکتوبر 2025
پشاور ہائیکورٹ کا گورنر کو کل 4 بجے تک نئے وزیراعلیٰ سے حلف لینے کا حکم

پاکستان - 14 اکتوبر 2025
پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا کے نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لینے میں تاخیر سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا کو حکم دیا ہے کہ وہ کل شام 4 بجے تک وزیراعلیٰ سے حلف لیں۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے سماعت کی، جس دوران عدالت نے بارہا گورنر کے مؤقف سے متعلق استفسار کیا۔
سماعت کے آغاز میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ گورنر اس وقت کراچی کے سرکاری دورے پر ہیں اور وہ کل فلائٹ کے ذریعے پشاور واپس آئیں گے۔
چیف جسٹس نے سوال کیا کہ "کیا گورنر کل حلف لیں گے؟" جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ گورنر نے علی امین گنڈا پور کو طلب کیا ہے۔ اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ "یہ تو الگ معاملہ ہے، ہمیں صرف یہ بتائیں کہ گورنر حلف لیں گے یا نہیں؟"
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ گورنر واپسی پر قانونی تقاضوں کے مطابق فیصلہ کریں گے۔
گورنر کے وکیل عامر جاوید نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو طلب کرنے کے بعد گورنر کراچی گئے تھے اور واپسی پر قانون کے مطابق قدم اٹھائیں گے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ "وزیراعلیٰ کا استعفیٰ دینے سے ہی مؤثر ہوجاتا ہے، چاہے گورنر اسے منظور کریں یا نہیں۔"
پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اپنایا کہ علی امین گنڈاپور نے استعفیٰ دیا اور نئے وزیراعلیٰ کو ووٹ بھی دیا، مگر گورنر غیر ضروری تاخیر کر کے معاملہ طول دے رہے ہیں۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا اور بعد ازاں حکم دیا کہ گورنر کل شام 4 بجے تک حلف لینے کا عمل یقینی بنائیں۔