بلاول بھٹو: اسرائیل نے ہمیشہ سیز فائر توڑے، دعا ہے اس بار امت مسلمہ دھوکا نہ کھائے

news-banner

پاکستان - 14 اکتوبر 2025

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے اعلان کردہ حالیہ سیز فائر پائیدار نہ ہو، کیونکہ ماضی میں سب سے زیادہ سیز فائر اسرائیل نے خود توڑے ہیں۔ 

 

کراچی میں رضا ربانی کی کتاب کی رونمائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ "تاریخ گواہ ہے کہ اسرائیل نے ہمیشہ وعدے توڑے، دعا ہے کہ اس بار امت مسلمہ دھوکا نہ کھائے اور سیز فائر برقرار رہے۔"

 

انہوں نے کہا کہ رضا ربانی کی یہ کتاب غزہ کے معصوم بچوں کے نام منسوب کی گئی ہے، اور پوری پاکستانی قوم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

 

 بلاول بھٹو نے کہا کہ "غزہ میں بدترین انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، جہاں نہ صرف بچوں بلکہ صحافیوں، ڈاکٹروں اور نرسوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ دو برس سے فلسطینی عوام مسلسل نسل کشی کا سامنا کر رہے ہیں۔"

 

ان کا کہنا تھا کہ رضا ربانی نے پاکستان کے آئین اور جمہوریت کے استحکام کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔

 

 انہوں نے کہا کہ "میں نے تاریخ پڑھی ہے، اور جانتا ہوں کہ کتاب لکھنے والے ہمیشہ تاریخ میں زندہ رہتے ہیں۔" بلاول نے کارکنوں اور رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ بھی اپنی جدوجہد کو تحریری شکل میں محفوظ کریں تاکہ تاریخ مسخ نہ ہو۔