دنیا - 14 اکتوبر 2025
اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور آذربائیجان کی اسپیکر صاحبہ غفارووا کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی تعاون کے فروغ پر اتفاق

دنیا - 14 اکتوبر 2025
اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور آذربائیجان کی نیشنل اسمبلی کی اسپیکر محترمہ صاحبہ غفارووا کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط کے فروغ پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختصر مدت میں دونوں ممالک نے مثالی تعلقات قائم کیے ہیں جو دیگر ممالک کے لیے ایک کامیاب مثال ہیں۔
یوسف رضا گیلانی نے امید ظاہر کی کہ آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف کا آئندہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان پارلیمانی اور ادارہ جاتی روابط تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے بتایا کہ رواں سال فروری میں باکو میں منعقدہ ایشین پارلیمانی اسمبلی (APA) کے اجلاس میں پاکستانی وفد نے ان کی قیادت میں شرکت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے درمیان رابطوں میں اضافہ ہوا ہے جو عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے محترمہ غفارووا کو نومبر میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی بین الپارلیمانی اسپیکر کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی، جس پر آذربائیجانی اسپیکر نے شکریہ ادا کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
معاشی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کو ایک اہم سرمایہ کار شراکت دار سمجھتا ہے۔ اگرچہ دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوا ہے، تاہم اس میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، ترقی اور علاقائی روابط کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور وسطی و جنوبی ایشیا کے درمیان ایک قدرتی پل کے طور پر کردار ادا کر سکتا ہے۔ سیاحت کے شعبے میں بھی باہمی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
اختتام پر یوسف رضا گیلانی نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوں گے اور صدر الہام علیئیف کے پاکستان کے متوقع دورے کے دوران ان کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔