دنیا - 13 مارچ 2026
14 فروری کو دھرنا ہوا تو سخت کارروائی ہوگی، شارع فیصل بند نہیں ہونے دیں گے: وزیراعلیٰ سندھ
پاکستان - 02 فروری 2026
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واضح کیا ہے کہ 14 فروری کو حافظ نعیم الرحمن کے مجوزہ دھرنے کے باعث کراچی کی مرکزی شاہراہ شارع فیصل کو بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور کسی بھی غیر قانونی اقدام پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
کراچی میں سال 2026 کی پہلی انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ دھرنوں کے ذریعے شہریوں کی روزمرہ زندگی مفلوج کرنا ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے حافظ نعیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کر سکتے تو اسمبلی کی نشست چھوڑ دیں تاکہ کوئی اور عوام کی نمائندگی کر سکے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حافظ نعیم نے اپنے حلقے کے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول چنیسر گوٹھ میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر سات روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا، جو 8 فروری تک جاری رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ بھر میں ایک کروڑ پانچ لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ 80 ہزار پولیو ورکرز اس مہم میں حصہ لے رہے ہیں، جن کی سیکیورٹی کے لیے 21 ہزار پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے والدین، علما، سماجی رہنماؤں اور بااثر شخصیات سے اپیل کی کہ وہ پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت کا ساتھ دیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیو اب دنیا میں صرف پاکستان اور افغانستان تک محدود رہ گیا ہے، جو ملک کے لیے باعثِ تشویش ہے۔
دیکھیں

