انٹرٹینمنٹ - 13 مارچ 2026
سردار امجد یوسف کا اقوامِ متحدہ میں خطاب، جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت پر زور
دنیا - 13 مارچ 2026
جنیوا: انٹرنیشنل ایکشن فار پیسس اینڈ سسٹینیبل ڈویلپمنٹ کے چیئرمین اور پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے مرکزی نائب صدر سردار امجد یوسف نے اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام گزشتہ سات دہائیوں سے اپنی ریاست کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کر رہے ہیں۔
سردار امجد یوسف نے کہا کہ اس حق کی ضمانت اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے دی تھی اور بھارت و پاکستان دونوں نے اس پر اتفاق کیا تھا، لیکن بھارت نے یکطرفہ طور پر اپنی پوزیشن تبدیل کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا اور ریاست کی حیثیت کم کر کے اسے اپنی یونین ٹیریٹریز میں شامل کر لیا۔
انہوں نے بتایا کہ ہر واقعے کے بعد کشمیری عوام کے خلاف تشدد کی نئی لہر زور پکڑ لیتی ہے۔
انہوں نے گزشتہ سال کے تنازع کے دوران آزاد کشمیر میں بھارتی حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نو بے گناہ شہری جاں بحق ہوئے، جن میں ایک ہی خاندان کی تین خواتین بھی شامل تھیں۔
بین الاقوامی تجزیہ کار اس بات کی پیش گوئی کر رہے تھے کہ دونوں ایٹمی ریاستوں کے درمیان مکمل جنگ بھی ہو سکتی تھی۔
سردار امجد یوسف نے کہا کہ مودی حکومت ہر ممکن طریقے سے کشمیری عوام کو نشانہ بنا رہی ہے۔
عالمی طاقتوں کی جانب سے جنگ بندی کی کوششوں اور مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے عزم کو کشمیری عوام نے خوش آئند قرار دیا، مگر مودی حکومت نے وعدہ خلافی کی پالیسی جاری رکھی۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام مطالبہ کرتے ہیں کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کیا جائے تاکہ وہ اقوامِ متحدہ کی نگرانی میں ایک غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔
دیکھیں

